کراچی +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ دونوں نے ملک کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کیلئے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔ چیئرمین سینٹ اور قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مسائل ضرور ہیں، حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت جو بھی اچھے کام کرے گی، ان میں اس کا ساتھ دیں گے، ملک کی 65 فی صد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے سے کہا تھا آپ نے پنجاب اسمبلی توڑ کر غلطی کی، ملک کے لیے سب کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا، تحریک انصاف بھی مذاکرات پر آئے، گفتگو کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹو نے بھی مذاکرات کا راستہ کبھی نہیں چھوڑا تھا، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ہمارے پرانے دوست ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمن پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو ہمارے ساتھ کیوں نہیں۔ مولانا ہمارے پرانے دوست ہیں، انھیں جلد احساس ہو جائے گا، اگر وہ پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو ہمارے ساتھ کیوں نہیں بیٹھ سکتے، پیپلز پارٹی مولانا کا احترام کرتی ہے۔ سینٹ میں انہوں نے ہمیں سپورٹ کیا، وہ بھی ملتان کے ہی ہیں اور ہم سے سرائیکی میں بات کرتے ہیں۔