تائیوان چین کاحصہ، پاکستان ون چائنہ اصول کی پاسداری کرتا ہے: صدر زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ کھڑا ہے اور ون چائنہ اصول کی پاسداری اور اس پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 73ویں سالگرہ پر پاکستان میں چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے دونوں ممالک کے مابین عوامی تبادلوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان لوگوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کیلئے مزید پالیسیوں کی ضرورت ہے، پالیسیوں کا تسلسل چین کی معاشی کامیابی کی ایک اہم وجہ ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کے ترقیاتی عمل میں مزید شامل ہونے کی امید رکھتا ہے۔ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو مشرق اور چین کی طرف دیکھنے کا کہا۔ 11 سال قبل پاک- چین اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد سے گوادر بندرگاہ میں بہت سے ترقیاتی کام ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ پوری دنیا سے ہمیشہ سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گی۔ صدر مملکت نے تائیوان کی "آزادی" کی کسی بھی شکل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ پاکستان ہمیشہ چین کے بنیادی مفادات کا تحفظ کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن