سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم پر شدید تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے آزادی کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوںکا جینا حرام کر رکھا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشیدمنہاس نے سرینگر میں حریت رہنماؤںکے اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے دارلحکومت سرینگر سمیت دیگر علاقوں میں جبر و استبداد کی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے، فورسز نے مزید چیک پوسٹیں اور چوکیاں قائم کر کے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف کریک ڈان میں تیزی لائی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نے اظہار رائے کی آزادی کا کشمیریوںکا حق مکمل طور پر سلب کر لیا ہے اور کشمیریوں کی روز مرہ سیاسی ، سماجی اور اقتصادی زندگی سخت تباہی کا شکار ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق اور بیوروکریسی کے کچھ کشمیری ارکان کے خلاف سرینگر میں کسٹوڈین اراضی پر قبضے کا ایک جعلی مقدمے درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اگر میر واعظ پر الزامات ثابت ہو گئے تو عدلیہ مذکورہ اراضی اور وہاں موجود مکان کو ضبط کرنے کی مجاز ہو گی۔بھارتی انتظامیہ نے کسٹوڈین اور ریونیو محکموں کے مقامی افسران کو بھی اس مقدمے میں ملوث کیا ہے۔ اس سلسلے میں سرینگر کے ایک تھانے میں مقدمہ در ج کیا گیا ہے۔ بھارتی پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں راجوری ، پونچھ اضلاع میں پیرا ملٹری کی تقریبا 2سو اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔دونوں اضلاع میں سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور آرمڈ پولیس کی مزید سو سو کمپنیاں تعینات ہونگی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی راستہ سرینگر جموں ہائی وے کو قابض انتظامیہ نے ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے ۔ قابض حکام نے ہائی وے کو بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے ۔
بھارتی حکومت نے کشمیری عوام سے اظہار رائے کی آزادی کا حق مکمل طور پر سلب کر لیا: حریت کانفرنس
May 23, 2024