حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) گیپکو سب ڈویژن علی پور کے آفس پر لینڈ مافیا نے دھاوابول کر دیواریں مسمار کردیں اور آفس کی جگہ پر قبضہ کرلیا۔جس کے خلاف گیپکو/واپڈہ ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ ملازمین نے آفس پر قبضہ کئے جانے کے بعد احتجاجاً کام کرنا چھوڑ دیا جبکہ صارفین بھی دفترپر قبضہ کئے جانے کے باعث دفتر کے باہر دن بھرخوار ہوتے رہے۔اس موقع پر ملازمین اور چیئرمین واپڈہ ہائیڈروالیکٹرک لیبر یونین علی پور چٹھہ کے چیئرمین ذوالفقار تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین روز سے انتظامیہ اور محکمہ کے اعلی افسران کو آگاہ کررہے تھے لیکن کسی نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے لینڈ مافیا نے آفس پر قبضہ کرلیا۔ جس کی وجہ سے ہمارے بچے نہ سکول جاسکے ہیں اور نہ ہی ہم دفتر کے اندر جاسکتے ہیں۔اگر یہ قبضہ واگذار نہ کرایا گیا تو ہم بجلی کی بحالی سے لیکر کنیکشن لگانے تک کسی قسم کا بھی کوئی کام نہیں کریں گے۔ہم دفترکے باہر ہی کھڑے ہیں اور ہمارے ساتھ صارفین بھی قبضہ کئے جانے سے ذلیل وخوار ہورہے ہیں۔
گیپکو علی پور آفس پر لینڈ مافیا کا دھاوا‘قبضہ کرلیا ‘ملازمین سراپااحتجاج
May 23, 2024