لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز بے نظیربھٹو شہید ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور ڈھوک سیداں میں دہشت گردی کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ شہباز شریف فرداً فرداً تمام زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوںکو مفت اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دورے کے دوران شہباز شریف انتہائی افسردہ اور رنجیدہ نظر آئے اور زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والوں کا انسانیت اور کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ سانحہ ڈھوک سیداں کی جس قدر بھی مذمت کی جائے کم ہے۔