لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے مرضی سے شادی کرنے والی جھنگ کی رہائشی طاہرہ بی بی کو اس کے بیان کی روشنی میں اس کے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔ طاہرہ کے گھر والوں نے اس کے شوہر فیروز کے خلاف اغواءکا مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔ گذشتہ روز جب طاہرہ عدالت کے روبرو پیش ہونے کے لئے ہائی کورٹ آئی تو اس کے رشتہ داروں نے اسے اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی، طاہرہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ عاقل و بالغ ہے اور اس نے اپنی مرضی سے فیروز سے شادی کی۔ عدالت نے فیروز کے خلاف درج کیا گیا مقدمہ خارج کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ عدالت کے باہر طاہرہ اور فیروز کے گھر والے آپس میں دست و گریباں ہو گئے اور ایک دوسرے کو برا بھلا کہا اور گالیوں کا تبادلہ کیا دونوں طرف سے مکے اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ کی سکیورٹی نے دونوں میاں بیوی کو بحفاظت لاہور ہائی کورٹ سے بجھوا دیا۔