اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے ڈی ایٹ سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے مختلف ملکوں کے سربراہوں اور ان کے وفود کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے اس موقع پر عالمی رہنما کھلے ماحول میں مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کرتے رہے، ظہرانے میں شرکت کرنے والوں میں نائجیریا کے صدر گڈ لک جوناتھن، ایران کے صدر محمود احمدی نژاد، انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بمبانگ یدویونو، ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان، مصر کے نائب صدر محمود مکی، ملائیشیا کے نائب وزیراعظم تان سیری محی الدین یاسین اور بنگلہ دیش کی وزیراعظم کے بین الاقوامی امور کے بارے میں مشیر پروفیسر گوہر رضوی شامل تھے۔ صدر زرداری نے ایرانی صدر احمدی نژاد اور ترکی کے وزیراعظم اردگان سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔احمدی نژاد سے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان ایران تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔