وزیرآباد (نامہ نگار) جائیداد کا تنازع، تین مسلح بھائیوں نے عدالت میں وکیل بہنوئی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ مسلح افراد کی غنڈہ گردی سے احاطہ کچہری میں خوف و ہراس پھیل گیا، وکلا برادری کا واقعہ پر شدید احتجاج اور ہڑتال کر دی، ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ نظام آباد کے رہائشی وکیل شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ کا اپنے سسرالیوں سے جائیداد کا تنازع چل رہا ہے اور مقدمہ مقامی عدالت کے سول جج غلام مرتضیٰ اپل کی عدالت میں زیر سماعت تھا احسان اللہ، محمد عظیم اور نجف رضا تین حقیقی بھائیوں نے تین نامعلوم افرادکے ہمراہ پستول تان لئے اور بہنوئی وکیل کو ٹائی سے پکڑ کر زمین پر گرا کر زدوکوب کرنا شروع کر دیا جس پر عدالتی اہلکاروں نے بروقت مداخلت کر کے ایک ملزم کو اسلحہ سمیت دبوچ لیا جبکہ باقی ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ وکلا برادری نے سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی امور کا بائیکاٹ کر دیا۔ وکلا رہنمائوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔