”نیا ٹیرف“ بجلی کا یونٹ 6 روپے مہنگا 300 سے زائد والوں کے بل دوگنا ہو گئے

”نیا ٹیرف“ بجلی کا یونٹ 6 روپے مہنگا 300 سے زائد والوں کے بل دوگنا ہو گئے

لاہور (این این آئی) عوام بجلی کی نئی قیمتوں پر مشتمل بل ملنے کے بعد سر پکڑ کر بیٹھ گئے، نئے ٹیرف کے تحت ایک یونٹ پانچ روپے پچانوے پیسے مہنگا کر دیا گیا ہے جبکہ تین سو یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کا ماہانہ بل دگنا ہو گیا، صارفین بل اٹھائے واپڈا کے دفاتر پہنچ گئے جہاںسے سوائے مایوسی کے کچھ نہ مل سکا۔ تفصیلات کے مطابق تین سو ایک یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارف کا بل قیمتوں میں اضافے کے بعد اس ماہ 4569 روپے کردیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ صارفین نے صرف گیارہ یونٹ کم یعنی دو سو اکیانوے یونٹ بجلی استعمال کی تھی اور جس کا بل موجودہ رقم سے آدھا یعنی 2282 روپے تھا۔ نئے فارمولے کے تحت ایک سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو پانچ روپے اناسی پیسے، ایک سو سے دو سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو آٹھ روپے گیارہ پیسے فی یونٹ کا بل دینا ہو گا لیکن میٹر کے دو سو یونٹ سے اوپر جاتے ہی تمام یونٹ کا ریٹ بارہ روپے نوے پیسے لاگو کر دیا گیا ہے۔ تین سو ایک سے سات سو یونٹ تک استعمال ہونے والی بجلی کی قیمت اٹھارہ روپے بہتر پیسے فی یونٹ ہو گی لیکن میٹر سات سو ایک یونٹ اوپر چلا گیا تو تمام بل کا ریٹ بارہ روپے نوے پیسے سے بڑھ کر 18.72 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔ نئی قیمتوں کے نوٹیفکیشن سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تین سو یونٹ تک ماہانہ استعمال کرنے والے سفید پوشوں کے لئے بجلی کا ایک یونٹ پانچ روپے پچانوے پیسے اضافے سے چودہ روپے پندرہ پیسے کا ہو گیا ہے۔ سرکاری ٹی وی فیس کے پینتیس روپے اور نیلم، جہلم بجلی گھر کے دس پیسے فی یونٹ اس کے علاوہ وصول کئے جائیں گے۔
نیا ٹیرف

ای پیپر دی نیشن