جرمنی کمپنی سے توانائی کے تین معاہدے‘ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں : شہباز شریف

جرمنی کمپنی سے توانائی کے تین معاہدے‘ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں : شہباز شریف

Nov 23, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت اور جرمن کمپنی ”انرجی کویل“ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کی 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس کے تحت جرمن کمپنی ساہیوال میں 100میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانے کے ساتھ بائیو گیس اور بائیو ماس کا بھی ایک ایک پلانٹ لگائے گی۔ 100میگا واٹ کے سولر پاورپلانٹ کی تنصیب کا کام 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ، جرمن کمپنی کے وفد کے سربراہ ہیلمٹ فیوج مین، کمپنی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ کوآرڈینیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی ،سیکرٹری زراعت اور متعلقہ حکام نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ پنجاب حکومت اور جرمن کمپنی کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے خوش آئند ہیں اورہم جرمن کمپنی کی جانب سے پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکومت توانائی کے منصوبوں کو تیز ی سے آگے بڑھا نے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے متعددغیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں جن پر عملدرآمد سے توانائی بحران میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ توانائی کے شعبے میں سرماےہ کاری کے لئے خصوصی مراعات اور سہولتیں دی جا رہی ہےں۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنی کی جانب سے ساہیوال میں 100میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ ، بائیو گیس اور بائیو ماس کے پلانٹس لگانے کے منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری سے کام کیاجائے گا اورجرمن کمپنی کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جرمن کمپنی کے وفد کے سربراہ ہیلمٹ فیوج مین نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے واقعہ کے بعد صوبے بھر میں امن وامان اور بھائی چارے کی فضاکو یقینی بنانے او رمثالی مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنے پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ کے بعد بعد علمائے کرام نے مسالک او رمکاتب فکر سے بالا تر ہو کر جمعة المبار ک کو پر ا من بنانے میں قابل تحسین کردار ادا کیا جس سے صوبہ بھر میں قیام امن یقینی بنانے میں مدد ملی۔ ملک نازک اور کٹھن دور سے گزر رہا ہے۔ دہشت گردی کی آگ نے لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ان حالات میں اتحاد و یگانگت اور اخوت کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ پر ہر پاکستانی رنجیدہ ہے اور اس واقعہ میں ملوث افراد کسی صورت قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ پاکستان کے عوام نے قومی تاریخ کے ہر مرحلے میں فرقہ وارانہ سوچ سے بلند ہو کر ملکی استحکام اور سربلندی کے لئے ا پنا کردار ادا کیاہے اور وہ آئندہ بھی اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے باہمی محبت اور پیار میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم کے سا تھ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور عملے نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ علاقے آواران میں انتہائی محنت سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ خطرات کے باوجود ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور عملے نے انتہائی جرات مندی سے مسلسل کئی روز تک امدادی اشیاءمتاثرہ علاقے میں پہنچائیں۔ ہیلی کاپٹر سٹاف نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھ کر عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزماڈل ٹاﺅن میں بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کےلئے امدادی سرگرمیوںمیں حصہ لینے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر سٹاف اور دیگر حکام کے اعزاز میں منعقدہ سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے آواران میں امداد ی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر ڈپٹی سپیکر ، سابق ایم پی اے رانا مبشر اقبال، ڈی جی پی ڈی ایم ا ے، ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور عملے کے دیگر حکام میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب اور عوام نے مصیبت کی گھڑی میں اپنے بلوچ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ زلزلہ متاثرین کی دل کھول کر مدد کی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے پاکستان میں اٹلی کے سفیرایڈریانو چوئیڈی سیان فرانی نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو توانائی کی قلت کے مسئلے کا سامناہے۔ توانائی کے بحران نے تعلیم، صحت ، زراعت سمیت زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے۔ حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک ، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرماےہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر اٹلی کے سفیر نے کہاکہ پاکستان اور اٹلی کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دےنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور اس ضمن میں دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کے تبادلے انتہائی ضروری ہیں۔
شہباز شریف

مزیدخبریں