ملتان+ اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں ایک جلسہ کرلینے سے تحریک انصاف نے وہاں پر کوئی سیاسی قبضہ نہیں کرلیا بلکہ لاڑکانہ تو ہمیشہ سے ہی پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا اور آج بھی ہے مگر سیاسی جلسے ہونا ایک مثبت عمل ہے۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 30 نومبر کو پارٹی کا یوم تاسیس منائیں گے۔ عمران خان بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کی فکر چھوڑ دیں بھٹو کا مشن پارٹی کے غیور کارکن خود لے کر چلیں گے۔ عمران خان نے لاڑکانہ میں جلسہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون کا سانحہ ہمارے دور میں ہوتا تو ہمیں واجب القتل قرار دیدیا جاتا۔ 30 نومبر کو لاہور میں پارٹی کا جلسہ نہیں بلکہ پارٹی کا کنونشن ہو رہا ہے۔ 30 نومبر کو پارٹی کا یوم تاسیس ہے اس کنونشن میں پارٹی کے ملک بھر سے عہدیدار لاہور آئیں گے جن سے بلاول بھٹو خود خطاب کریں گے۔ یوسف رضا گیلانی آج بہاولپور جائیں گے جہاں وہ 30 نومبر کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں جنوبی پنجاب کے اہم اجلاس میں شریک ہوں گے۔