کابل (اے پی پی+اے ایف پی) افغان طالبان نے جاسوس امریکی ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہفتہ کو افغان طالبان کے ذرائع ابلاغ کے ترجمان زبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ صوبہ ننگر ہار کے ضلع رہدت میں جنگجوئوں نے نگرانی کے مشن پر مامور امریکی ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے۔ افغان اور امریکہ حکام نے ابھی تک اس واقعہ پر اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ باقاعدگی سے طالبان کے خلاف فضائی اور زمینی حملوں اور جاسوسی کیلئے ڈرون کا استعمال کرتا ہے۔کابل میں خودکش حملے میں زخمی رکن پارلیمنٹ شکریہ بارک زئی نے ہسپتال میں میڈیا کو پہلے انٹرویو میں کہا مجھ پر حملہ افغانستان کی تمام خواتین پر حملہ تھا۔ مجھے اپنے صحت یاب ہونے کا انتظار ہے، کام پر واپس جا کر پہلے سے زیادہ جانفشانی کے ساتھ خواتین کے حقوق کی جنگ لڑوں گی۔ میری زندگی خطرات سے گھری ہے، مجھے حیرانگی ہے طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔