کابل (اے این این+آئی این پی) افغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں 7 اہلکاروں 4پاکستانی سمیت طالبان 22افرادہلاک ہوگئے ہیں۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے نے افغانستان کی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف صوبوں میں افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں 18 طالبان جبکہ 7سکیورٹی اہلکار بھی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ادھر ننگر ہار پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایاکہ طالبان کی جنجال غونڈی اور سید احمد خیل کے درمیان بچھائی گئی اپنی ہی بارودی سرنگ پھٹنے سے تین طالبان ہلاک ہوئے۔ تاہم طالبان نے ان ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ادھرافغانستان کے مشرقی صوبہ نورستان میں پاک افغان سرحد پر سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 4 پاکستانی طالبان ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ۔اتوارکو افغان میڈیا کے مطابق صوبائی سرحدی پولیس حکام کاکہنا ہے کہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب عسکریت پسندوں نے ڈیوڑ لائن عبور کرنے کے بعد بارڈر پولیس پرفائرنگ کردی جس پر زبردست جوابی کاروائی کی گئی حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران بارڈر پولیس یا شہریو ں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔