اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) سینٹ اجلاس چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ سینٹ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل ترمیمی بل 2016ئ، مجموعہ ضابطہ دیوانی ترمیمی بل منظور، سینٹرل لاء افسر ترمیمی بل 2016ء کی منظوری دی گئی۔ سینٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2016ء کی متفقہ طور پر منظوری بھی دی گئی۔ سینٹ میں تحفظ حرمین شریفین کی قرارداد منظور کی گئی۔ مکہ مکرمہ کی جانب میزائل داغنے کے خلاف سینٹ میں مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد راجہ ظفرالحق نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا مکہ مکرمہ میں میزائل داغا گیا جسے سعودی ائر ڈیفنس نے تباہ کیا۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی میزائل داغے جانے کا نوٹس لیں۔ اس حملے سے پاکستانیوں اور مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ ہم مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے کہا خواجہ سرائوں کو حقوق دلانا ریاست اور پارلیمان کی ذمہ داری ہے۔ سینٹ کمیٹی خواجہ سرائوں کے حقوق کیلئے قانون سازی پر غور کرے۔ چیئرمین سینٹ نے کمیٹی کو 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا خواجہ سرائوں سے اچھوت جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ پولیس خواجہ سرائوں سے بھتہ لیتی ہے۔آئی این پی کے مطابق چیئرمین سینٹ نے نندی پور پاور پلانٹ میں 4.46ارب روپے کی مبینہ کرپشن سے متعلق تحریک التواء سمیت تین تحاریک التوا کو مسترد کر دیا، سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے تحریک التواء پیش کی کہ جون 2016ء میں نندی پور پاورپلانٹ میں 4.46 ارب روپے کا بھاری نقصان ہوا، سینیٹر کامل علی آغا نے گیس کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافے کی خبروں سے متعلق ایوان میں بحث کے لئے تحریک التوا ء پیش کی۔ جہانزیب جمالدینی نے فضلے سے توانائی پیدا کرنے سے متعلق تحریک پیش کی۔ چیئرمین نے تینوں کو مسترد کر دیا۔ صباح نیوز کے مطابق صباح نیوز کے مطابق سینٹ میں پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر تعمیراتی کام کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔ سینیٹر طلحہ محمود کے سوال کے جواب میں وزارت مواصلات کی جانب سے آگاہ کیا گیانیشنل ہائی وے اتھارٹی ہکلہ (ایم ون) سے ڈیرہ اسماعیل خان تک 285کلومیٹر سی پیک کے مغربی راستے کے طور پر موٹروے تعمیر کر رہی ہے حکومت پاکستان منصوبے کی لاگت کے تخمینہ کا 130ارب روپے ادا کرے گی مغربی روٹ کے منصوبے پر کام کی شروعات 2016ء میں ہوئی ہے‘ منصوبہ 5 تعمیراتی کنٹریکٹوں پر مشتمل ہو گا ہر کنٹریکٹ کی تاریخ تکمیل کنٹریکٹ عطا کرنے کے بعد دو سال تک ہو گی۔ حکومت کی جانب سے سینٹ میں اعلان کیا گیا فاٹا یونیورسٹی رواں برس کام شروع کر دے گی۔ نامہ نگار کے مطابق اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی برائے خزانہ‘ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف‘ قائمہ کمیٹی برائے قواعد ضابطہ کار و استحقاقات اور قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمینوں کی طرف سے مختلف بلوں اور تفویض کردہ دیگر امور پر کمیٹیوں کی رپورٹیں پیش کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی گئی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری نے کہا ہیپاٹائٹس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اقدامات کرنے ہونگے‘ اس حوالے سے صوبوں کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا ہیپاٹائٹس کی رفتار یہی رہی تو اگلے 30 سال میں 30 سے 35 فیصد آبادی اس مرض سے متاثر ہو گی۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے حکومت کو ہدایت کی اسلام آباد کے چڑیا گھر میں بند ہاتھی کا مسئلہ حل کیا جائے، گزشتہ روز سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے چڑیا گھر کی خراب حالت کا معاملہ عوامی اہمیت کے معاملے کے طور پر اٹھایا۔ انہوں نے کہا چڑیا گھر میں قید ہاتھی کی حالت بھی خراب ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا وہ لاڑکانہ کے کیڈٹ کالج میں تشدد سے متاثرہ بچے کے علاج کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں گے۔ سینیٹر خوش بخت شجاعت نے عوامی اہمیت کے معاملے کے طور پر یہ معاملہ اٹھایا۔ چیئرمین سینٹ نے سینیٹر تاج حیدر کو ہدایت کی وہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں۔ آن لائن کے مطابق کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں زیرتعلیم طالب علم پر تشدد کی بازگشت سینٹ میں بھی پہنچ گئی‘ ایم کیو ایم کی سینیٹر خوش بخت شجاعت نے بتایا لاڑکانہ کے مظلوم طالب علم کا میڈیکل بورڈ تک نہیں ہو سکا۔ جس پر ایوان میں موجود تمام ارکان نے غم و غصہ کا اظہار کیا۔