لاہور/ قلعہ دیدار سنگھ/ ملتان (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) قلعہ دیدار سنگھ، ڈونگہ بونگہ، حاصل پور، ساہیوال اور ملتان میں ٹریفک حادثات کے دوران میاں بیوی سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔قلعہ دیدار سنگھ میں لوڈر ٹرک کو ڈمپر سے دھکا سٹارٹ کرتے ہوئے گاڑی کی ٹکر سے ڈرائیور اور مالک موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ نوکھر گرڈ سٹیشن کے نزدیک حافظ آباد سے گوجرانوالہ جانے والا لوڈر ٹرک اچانک خراب ہوگیا۔ اسی دوران تلہ گنگ سے آنیوالے ڈمپر کا ڈرائیور انسانی ہمدردی کے ناطے ٹرک کو ڈمپر سے دھکا لگا کر سٹارٹ کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ پیچھے سے آنیوالی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر دے ماری جس سے چکوال سے تعلق رکھنے والا ڈرائیور فضل رحمن اور ساتھ بیٹھا گاڑی کا مالک شاہد علی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق عارفوالا سے بہاولنگر جانے والی مسافر کوچ اور ٹرالر کا آپس میں تصادم ہو گیا جس کی زد میں دو موٹر سائیکل سوار بھی آگئے۔ حادثہ میں 3افراد جاں بحق، 10مسافر زخمی ہو گئے جبکہ 3کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حاصل پور سے نامہ نگار کے مطابق قائم پور کے قریب تیز رفتار ٹرالر بہاولپور کی طرف جا رہے تھا کہ سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار جس پر سرکاری ہسپتال کا ملازم محمد عارف اس کی بیوی بشریٰ بی بی کے ہمراہ حاصل پور کی طرف جا رہے تھے اچانک سامنے سے آنے والے ٹرالے کی زد میں آ کر موقع پر ہلاک ہو گئے۔ محمد عارف پانچ بچوں کا باپ تھا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق گیمبر پھاٹک پر موٹرسائیکل سوار احسن جا رہا تھا پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے متبادل راستے سے نوجوان پٹڑی پر آگیا اور بریک لگاتے ہوئے اس کا پاؤں پٹڑی میں پھنس گیا جسے خیبر میل نے ٹکر مار دی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا علاوہ ازیں بستی ملوک ملتان میں تیز رفتار ویگن اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ اور اگوکی سے نامہ نگاران کے مطابق ایک روز قبل وزیر آباد روڈ پر لال موڑ کے قریب ٹرالی کی ٹکر سے جاں بحق ہونیوالے 18سالہ صداقت، 20سالہ رضوان اور حمزہ کو ان کے آبائی قبرستانوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ دریں اثنا سادھوکے کے نواحی گائوں نیا کہوگا کے جھارا کی بارات سرگودھا کے علاقہ بھیرہ گئی تھی۔ واپس یپر ایشرکے نہر کے قریب موٹر وے پر کیری ڈبہ ٹرالر کو اوورٹیک کرتے بے قابو ہو کر الٹ گیا جس سے اس میں سوار دولہا کا والد جہانگیر اور رشتہ دار بشارت موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور اور خاتون سمیت تین زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کردیا گیا۔
ٹریفک حادثات میں14 افراد جاں بحق، قلعہ دیدار سنگھ: ڈمپر سے ٹکر، کار سوار ڈرائیور سمیت جان سے ہاتھ دھو بیٹھا
Nov 23, 2016