امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی عرب کے ساتھ کاروباری مراسم کا انکشاف ہوا ہے ،وہ اپنے سعودی شراکت داروں کے ساتھ تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے کوشاں رہے ہیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ منافع سمیٹ سکیں۔امریکی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے لیے مہم کے دوران بھی آٹھ کمپنیوں کے ساتھ کاروباری شراکت کے سمجھوتوں پر دستخط کیے تھے۔ان کمپنیوں کا سعودی عرب میں ہوٹل کے ایک مجوزہ منصوبے سے تعلق تھا۔ٹرمپ نے اگست 2015ءمیں ان کمپنیوں کے ساتھ سمجھوتوں پر دستخط کیے تھے۔یہ کمپنیاں ٹی ایچ سی جدہ ہوٹل ،ڈی ٹی جدہ ٹیکنیکل سروسز کے نام سے رجسٹر ہیں۔ذرائع کے مطابق وہ ان کمپنیوں میں سے چار کے سربراہ اور بعض کے ڈائریکٹر ہیں۔رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 21 اگست 2015ءکو الاباما میں ایک ریلی کے دوران ان چار کمپنیوں کا افتتاح کیا تھا اور یہ بات زور دے کر کہی تھی کہ ان کے سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات استوار ہیں۔