لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ اگر بدکردار شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے تو سپریم کورٹ سے نا اہل پارٹی کی سربراہی کیوں نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اعلی عدلیہ سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت دشمن قوتوں کو سیاسی لڑائی سیاسی میدان میں ہی لڑنے دے- انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے کہا کہ وہ پنڈی کے شیطان اور جمہوریت مخالف قوتوں کو پہچانیں، یہ قوتیں اپنے مذموم مقاصد کے لئے سپریم کورٹ کا کندھا استعمال کرنا چاہتی ہیں- انہوں نے بتایا کہ آج سے شروع ہونے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو ہفتے تک جاری رہے گا- وہ پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے- صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ نواز شریف جمہوریت دشمن قوتوں کے خلاف ایک ستارے کی مانند ہیں، عوام نے ان کی شناخت کی ہے اور ان کے اس رول کو عوام میں پذیرائی حاصل ہوئی اور قومی اسمبلی نے بھی اس پر دو بار اپنی مہر ثبت کی ہے۔ عوام 2018 کے دنگل میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف محاذ آرائی نہیں کی جا رہی، عدلیہ کے فیصلہ پر ردعمل دینا نواز شریف اور عوام کا حق ہے۔ بے نظیر بھٹو اور اعتزاز احسن عدلیہ کے بارے میں جو کچھ کہتے رہے اور ان کے کلپس بھی موجود ہیں۔