اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کے کل 550ریلوے اسٹیشنوں میں سے 31ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے لئے ان کا انتخاب کیا گیا ہے جن پر 2377ملین روپے کی لاگت آے ٔ گی۔ ان میں سے 11کے پی سی ون کی منظوری ہو چکی ہے۔ ماضی کی حکومتوں میں ریلویز کی اراضی کو اونے پونے دے کر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا۔ہم بھی لینڈ سے اربوں روپے کا فائدہ پہنچاسکتے تھے لیکن ہم سیاسی لوگ ہیں الزامات سے منہ کالانہیں کروانا چاہتے ۔انھوں نے بدھ کو پی آئی ڈی میں ایڈیٹرز، بیوروچیفس ،کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں کو وزارت کی کارکردگی بارے بریفنگ دیتے ہوے ٔ کہا کہ خنجراب سے گوادر تک موجودہ ریل نیٹ ور ک کو وسعت دی جارہی ہے ۔سی پیک منصوبے سے اس نیٹ ورک میں چھ گنا اضافہ ہو جاے ٔ گا۔اس موقع پر سیکرٹری ریلویز پروین آغا ،پی آئی او محمد سلیم اور دیگر حاکم بھی موجود تھے ۔ ہمیں جب وزارت ملی تو خسارے میں تھی لیکن ہمارے اصلاحاتی ایجنڈے نے وزارت کو اربوںروپے کا ریونیو دیاہے۔مالی سال2009-10میںریلویز کی آمد ن21ارب88کروڑ روپے تھی جبکہ مالی سال2016-17میں ہمارا ہدف 36ارب روپے تھا لیکن الحمداللہ ہمارے آمدن 40ارب10کروڑ روپے ہوئی جو گذشتہ سال سے 4ارب 53کروڑ روپے اضافی ہے۔اصلاحاتی ایجنڈے سے ریلویز ایک منافع بخش ادارہ بن گیاہے۔آئی ٹی شعبے کی ای ٹکٹنگ فروخت سے ایک سال میںریلویز کو ایک ارب روپے حاصل ہو ئے ہیں۔ماضی کی چلائی گئی بزنس ٹرین ایک ارب روپے کی نادہندہ تھی اور معاملہ نیب میں تھا لیکن اب اسے اپنی حکمت عملی سے چلاکر منافع میں لے آ ے ٔ ہیں ۔ریلوے کراسنگ سگنلز پر خود کار الارم لگائے جارہے ہیں جو ٹرین کے پھاٹک پر پہنچنے سے تین کلو میٹرپہلے بجنے شروع ہوجائیں گے،کسی نجی یا غیر ملکی کمپنی سے جائنٹ ونچر پرپابندی ہے بلکہ یہ سرکاری اداروں سے کیاجاے ٔگا۔ریلوے کی اراضی کو صرف دو یا تین سال کی لیز پر دیا جائے گا اس سے زائد عرصہ کی لیزنگ ہر گز نہیں کی جائے گی۔بھارت ایسا نہ کرسکا لیکن ہم نے ہر مسافرکی لائف انشورنس کی ہے ،موت کی صورت میں 10لاکھ روپے اور زخمی کو 3لاکھ روپے پوسٹل لائف انشورنس ادا کر تی ہے،انھوں نے پیراگون ہاوسنگ سکیم میں اپنے ملوث ہو نے کی رپورٹوں کو یکسر مسترد کردیا ۔