پاک فوج لڑائی میں آزمودہ پیشہ ور ‘ بھارت حقیقت کا ادارک کرتے ہوئے مذاکرات پر توجہ دے : آرمی چیف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے پاکستانی فوج لڑائی میں آزمودہ اور پیشہ ور فوج ہے، جو مادرِ وطن کے دفاع کیلئے تیار ہے بہتر ہو گا بھارت اس حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے امن اور ترقی پر توجہ مرکوز کرے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرو ل لائن کے دورہ کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مقامی جنرل آفیسر کمانڈنگ نے آرمی چیف کو کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی اور آرمی چیف کو بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور پاکستان کی جوابی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے مورال کو بھی سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی فورسز کی کارروائیوں سے متاثرہ کشمیریوں کے عزم کی بھی تعریف کی اور کہا کچھ عرصے سے بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں بھارتی فوجی قیادت کی طرف سے جارحانہ بیانات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہم سخت جان اور پیشہ ور فوج ہیں اور پاک فوج وطن عزیز کا دفاع کرنے کیلئے ہردم تیار ہے۔آن لائن کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقامی آبادی کے حوصلے کو بھی سراہا جنہیں بھارتی فوج جان بوجھ کر ہدف بنا رہی ہے۔
آرمی چیف

ای پیپر دی نیشن