بینظیر انکم سپورٹ کا وظیفہ بڑھائیں گے‘ ہاﺅسنگ پروگرام آزاد کشمیر گلگت تک وسیع کیا جائے : عمران خان

پتراجایہ/اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ ہائی ٹیک انڈسٹری میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، بدعنوانی کے خاتمہ اور معاشی ترقی کے حصول کے لئے ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا ہے، پاکستان اورملائیشیا کے وزراءاعظم نے تجارتی عدم توازن کے خاتمہ اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مذاکرات اور رابطوں کی مسلسل ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کے ملائیشیئن ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد نے پترا جایہ میں ملائیشیا کے وزیراعظم کے دفتر پردانہ سکوائر میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے کئے گئے مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد بدھ کو ملاقات کی اور اس موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران دونوں رہنماﺅں نے بامقصد مذاکرات پر اطمینان کا اظہارکیا جن میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا وہ وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیر محمد سے ملنے میں گہری دلچسپی رکھتے تھے تاکہ ان کے ملک کی معیشت کی ترقی اور ملائیشیاکی مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے ان کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام نے اپنی حکومتوں کو بدعنوانی کے خلاف جدوجہد اور کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا سے یہ بھی سیکھنا چاہتا ہے کہ اس نے اپنے قرضوں کے مسائل پر کس طرح قابو پایا اور ملائیشیا کی سیاحت کے شعبے سے استفادہ کے ذریعہ ملکی معیشت کے استحکام میں کیسے مدد حاصل کی۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیرمحمد نے کہا کہ ان کا ملک آسیان کے پلیٹ فارم پر پاکستان کوبھی مذاکرات میں شریک دیکھنا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر مہاتیرمحمد نے کہا میں نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کی ہے اور میں 23مارچ2019ءکو یوم پاکستان کی پریڈمیں شرکت کروں گا۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اورملائیشیا نے پام آئل، زرعی مصنوعات، فوڈ ریٹیل، حلال مصنوعات، آٹو موٹو، آٹوموٹو پارٹس، انرجی، سائنس و ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔ پاکستان نے ملائیشیا کی بڑی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم مہاتیرمحمد نے پاکستان میں توانائی کی قلت کے مسائل پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملائیشیا نے2019ءمیں لانگ کاوی انٹرنیشنل میری ٹائم اینڈ ایرو سپیس ایگزیبیشن (ایل آئی ایم اے) میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دی اور پاکستان نے بھی آئندہ منعقد ہونے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز2018ءمیں ملائیشیا کی شرکت کو خوش آئند قراردیا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے عالم اسلام کی عظیم شخصیات اور مذہب کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی سازشوں کے خاتمے اور مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی وغیرہ کے سد باب کیلئے اسلامی ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کےلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا اور اس بات پر زوردیا کہ دہشت گردی خطے یا مذہب سے تعلق نہیں رکھتی۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی انتہائی بری صورتحال اور مقبوضہ بھارتی افواج کے نہتے اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر مہاتیر محمد کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے ویزا کے جزوی خاتمے کے معاہدے (پی وی اے اے ) پر دستخط کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی جو دونوںممالک کے سرکاری وفود کے تبادلوں اور رابطوں میں اضافہ کیلئے مثبت ثابت ہوگا۔ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ طے پا گیا۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہماری اپوزیشن جلدی میں ہے کہ حکومت گر جائے اور جو زیادہ شور مچارہے ہیں انہیں پتا ہے انہوں نے جیلوں میں جانا ہے کیونکہ ہم کوئی این آر او نہیں دیں گے اور نہ ہی چارٹر آف ڈیموکریسی پر مک مکا کریں گے ایک ایک کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالنا ہے۔کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا تھا پیسہ چوری ہوا ہے لیکن اتنا ہوا یہ نہیں پتا تھا اس لیے جتنی دیر میں رہوں گا ان کے لیے خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے اور خطرہ بڑھ رہا ہے جو سب سے زیادہ شور مچارہے ہیں انہیں پتہ ہے انہوں نے تھوڑی دیر بعد جیلوں میں جان ہے اب سارے جمہوریت بچانے کے لیے جمع ہورہے ہیں۔ ہر قسم کے رنگ کے لوگ، چاہے دینی ہوں یا لبرل، سب جمہوریت بچانے کے لیے میرے خلاف اکٹھے ہورہے ہیں۔ یہ لوگ جو کرلیں یہ دیکھیں گے کہ پہلی حکومت ہوگی جس نے این آر او دینا ہے اور نہ چارٹرآف ڈیموکریسی کے نام پر مک مکا کرنا ہے۔ ایک ایک بدعنوان کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالنا ہے، میں جب کہتا ہوں چوروں کو جیل میں ڈالنا ہے تو اپوزیشن کھڑی ہوجاتی ہے۔ میں نے اپوزیشن کا نام ہی نہیں لیا، جب سے حکومت آئی ہے سب عجیب طرح جمہوریت بچانے کے لیے کھڑے ہورہے ہیں اب تک ہم نے ایک بھی کیس نہیں کیا، یہ سارے پرانے زمانے کے کیس ہیں، ابھی تو ہم نے کیس کرنے ہیں اور یہ پہلے سے ڈرے ہوئے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے سلطان نظرین معزالدین شاہ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات کوالالمپورکے شاہی محل میں ہوئی۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان کو لیگل ریفارمز کے حوالے سے وزیر اعظم آفس میں بریفنگ دی گئی، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے وزیر اعظم کو لیگل ریفارمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ریفارمز کا مقصد موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا نفاذ ہے تاکہ تحریک انصاف کے منشور کے تحت انصاف کے حصول کا عمل آسان، کم خرچ اور تیز بنایا جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت غربت کے خاتمے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق غربت کے خاتمے کیلئے جامع قومی پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو پالیسی کی تیاری کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے غربت کے خاتمے کی قومی پالیسی کے جلد نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ نیٹ نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ملنے والے وظیفے کی رقم بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پی آئی ایس پی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی اجلاس میں حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سہ ماہی وظیفہ 5 ہزار سے زائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان غربت مٹاﺅ سکیم میں اعزایہ یا وظیفہ بڑھانے کا اعلان کریں گے حکومت کے اس فیصلے سے 55 لاکھ مستحق افراد مستفید ہوں گے۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا غربت کے خاتمے کیلئے مفصل پروگرام جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہا¶سنگ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھانے کی ہدایت کر دی اجلاس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر ہا¶سنگ اتھارٹیز اور مجوزہ رئیل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی پر بریفنگ دی گئی وزیراعظم کو مختلف معاملات پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا نیا پاکستان ہا¶سنگ پروگرام پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم پروگرام ہے بے گھر افراد کو گھر کی سہولت ملنے کے ساتھ ملک میں معاشی عمل تیز ہوگا نیا پاکستان ہا¶سنگ پروگرام سے نوجوانوں کو بے شمار نوکریوں کے مواقع ملیں گے۔وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا وزیراعظم نے نیشنل فنانشل انکوژن سٹریجٹی کی منظوری دیدی وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا این ایف آئی ایس میں قومی معاشی ویژن، پالیسی فریم ورک کا احاطہ کیا گیا اقتصادی ایکشن پلان اور حکمت عملی کا جامع احاطہ کیا گیا۔ ملک میں صرف 16 فیصد افراد کے بنک اکاﺅڈٹ ہیں۔
وزیراعظم اجلاس

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...