غیر جمہوری قوتوں کے منتخب وزیراعظم خارجہ پالیسی سے نابلد ہیں: بلاول

Nov 23, 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی سیاسی ناپختگی کا یہ عالم ہے کہ وہ آج بھی کنٹینر والی سیاست کر رہے ہیں۔ انکا لب و لہجہ اور طرز تکلم وزیراعظم کے شایان شان نہیں ہے۔ دنیا کو بتا سکتا ہوں کہ عمران خان کو حکومت کیسے ملی ہے۔ حق حاکمیت اور حق ملکیت کی آواز کو قومی سطح پر اٹھائوں گا۔ دانش ہاؤس گلگت میں دورہ گلگت بلتستان کے آخری روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں سندھ حکومت کے تعاون سے ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا کیمپس بنائیں گے۔ سی پیک میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا گیا ہے حالانکہ گلگت بلتستان اس کا گیٹ وے ہے اور زیادہ حصہ ملنا چاہئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس حوالے سے پارلیمنٹ میں گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بنے گی۔ غیر جمہوری قوتوں کا منتخب کردہ وزیر اعظم ملکی خارجہ پالیسی سے بالکل نابلد ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی ہے۔ غیر جمہوری طاقتوں کی بنائی ہوئی وفاقی حکومت کی کوئی قانونی حیثیت نہیں جب وہ بیرون ملک بات کرتے ہیں تو یہ بھول جاتے کہ وہ ایک ملک کی نمائندگی کررہے ہیں اگر یہ روایت نہ بدلی تو ہم بھی اپنی زبان کھول کر اسکی تمام حقیقتوں کو سامنے لائیں گے۔ چوری کے مینڈیٹ سے آئی ہوئی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کر کے مہنگائی کی سونامی کا سماں پیدا کیا ہے۔ دوسری طرف ملک کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے نام پر دکانیں اور مارکیٹیں گرا کر عوام پر معاشی حملے کئے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں