لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد انوارالحق نے حق وراثت کے سرٹیفکیٹ کے اجراء میں لمبے عرصہ کے التواء کا نوٹس لے لیا۔ فاضل چیف جسٹس نے ہدایت کی ہے کہ حق وارث کی درخواستوں پر ایک ہفتے میں کارروائی مکمل کرکے سکسیشن سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے بھر کے سیشن ججز کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سکسیشن سرٹیفکیٹ کے اجراء میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سکسیشن سرٹیفکیٹ کے جلد اجراء میں سائلین کی بڑی تعداد کو بہت بڑا ریلیف حاصل ہوگا۔ اس سے قبل سائلین کو سکسیشن سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لئے طویل عرصہ تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔