آسٹرین کمپنیوں کا داسو، مہمند ڈیم منصوبوں میں سرمایہ کاری پر غو ر

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان میں آسٹریا کے سفیر خالیکولاس نے کہا ہے کہ آسٹرین کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں ، یہ کمپنیاں داسو اور مہمند ڈیم جیسے منصوبوں پر سرمایہ کاری پر غور کر رہی ہیں ، وزیر توانائی عمرایوب نے آسٹرین سفیر کو پاکستان میں چھوٹے اور بڑے ہائیڈل توانائی کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا، وزیر توانائی اور آسٹریا کے سفیر کے مابین جمعرات کو ہونیو الی ملاقات میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ وزیر توانائی نے آسٹرین سفیر کو پاکستان کے چھوٹے اور بڑے ہائیڈل پاور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز اور ڈسٹری بیوشنز کے نظام کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے ، حکومت نے لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ا س کے علاوہ ریکوریز کو بہتربنانے اور توانائی کے شعبہ میں لیکوڈٹی پر بھی کام کر رہی ہے ۔ وزیر توانائی نے آسٹرین کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کے ہائیڈل منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرنے پر خوش آمدیدکہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت آسٹرین کمپنیوں کو اس حوالے سے مکمل معاونت فراہم کرے گی ۔ اس موقع پر آسٹرین سفیر نے کہا کہ آسٹرین کمپنیاں داسو اور مہمند ڈیم کے منصوبوں سمیت توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ آسٹرین کمپنی اینڈریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ آسٹرین کمپنی تربیلا ، خیال خاور ، غازی بروتھہ ، وارسک اور گوالن گول کے ساتھ پہلے سے منسلک ہے جو پاکستان میں 4500میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن