محبت رسولؐ کا تقاضا ہے اختلافات حکمت عملی سے حل کئے جائیں:پیر کبیرعلی شاہ

لاہور(نیوزرپورٹر) خاتم النبینؐ،محسنِ انسانیت ؐکی ولادت باسعادت تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے ۔نبی کریم ؐاپنے اعلیٰ کردار اور اسوہٗ حسنہ کے ذریعے دنیا کے لیے ایک مثال بنے ۔ انہوں نے اپنے اسوہٗ حسنہ کے بدولت مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے زیر اہتمام الحمرا ہال لاہور میں سیر ت النبی ؐکانفرنس کے موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور ؐنے امن و آشتی ، اخوت ، احترام انسانیت ، مساوات ، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا۔ یہ بات ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ راہ نجات صرف آپ ؐ کی پیروی میں ہے ۔ جو شخص بھی اﷲ تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے اسے چاہیے کہ خاتم النبینؐکی بتائی ہوئی راہ پر استقامت سے عمل کرے ۔ آپؐ سلسلہ رسالت کی آخری کڑی ہیں اور آپ ؐکی شریعت آخری شریعت قرار ہے جو قیامت تک راہ نجات ہے۔ اس موقع پر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی،سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورا شریف نے کہا کہ حضور پاکؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم ، زیادتی ، ناانصافی اور بد امنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ آپ ؐکے اسوہٗ حسنہ پر عمل کر کے پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کر امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ۔ بد امنی اور دہشت گردی کی آگ میں جلتی انسانیت کو آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی امن و سکون مل سکتا ہے ۔ آپ ؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے ۔ جس میں اُمت کے لیے مکمل راہنمائی اور ہدایت موجود ہے ۔ نبی اکرم ؐکی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو باہمی مفاہمتی حکمتِ عملی کی روشنی میں حل کریں اور آج کے دن ہمیں ملک کی تعمیر و ترقی ،بقاء ،استحکام و امن او ر خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کرنی چاہیں ۔

ای پیپر دی نیشن