راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ نبی مہربان ﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کرآئے اورحکمران مدینہ کے طورپربین الاقوامی دنیا سے روابط کے اصول اور اسلامی ریاست کے خدوخال سکھائے مدینہ جیسی اسلامی وفلاحی ریاست اورنظام مصطفے ﷺکاقیام ہی پاکستان کومسائل سے نکال سکتا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کے خاتمے اورعوام کوریلیف دینے کے بہت بلندوبانگ دعوے کئے لیکن عملی طورپر100دنوں سے قبل ہی انھوں نے مصائب میں اضافہ کرکے ان کی چیخیں نکال دی ہیں۔ان خیالات کااظہارانھوں نے حرمت رسول ﷺکانفرنس سے خطاب اورذمہ داران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرامیرضلع راجہ محمدجواد،امیرزون راجہ محمدعمیرسمیت دیگررہنمائو ں نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ اس موقع پرمرکزی رہنما شمس الرحمن سواتی ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم سمیت دیگرذمہ داران وکارکنان اورعوام الناس کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ مہنگائی سمیت امن وامان کی بدترین صورتحال ہے، سوئی گیس کے علاوہ موسم سرما کے باوجود بجلی کے طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے ،امن وامان کی صورت کا یہ عالم ہے کہ جڑواں شہروں میں مذہبی شخصیت مولانا سمیع الحق کوشہید اورایس پی اسلام آباد کواغواکر کے افغانستان لے جاکرشہید کردیا جاتا ہے لیکن قاتلوں کا سراغ ملتا ہے اورنہ ہی اغواکاروں کی نشاندہی ہوتی ہے حکومت کے پاس ملک کوچلانے کا کوئی معاشی پلان موجود نہیں ہے جس کے باعث ملکی وغیرملکی سرمایہ کارعدم تحفظ کا شکارہوکرسرمایہ دیگرممالک میں منتقل کررہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کوکسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں حکمرانی کے بعدتمام سٹیک ہولڈرز کوساتھ لے کرچلنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن وزراء کے غیرذمہ دارانہ رویے اوربیانات کے باعث وہ اپنی ہی حکومت کیلئے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں پارلیمنٹ اورایوانوں کا تقدس مجروع کیا جاتا ہے ۔