عراق میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے د رمیان جھڑپیں، 4 افراد جاں بحق

Nov 23, 2019

بغداد(این این آئی)عراق کے دارالحکومت بغداد میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں چار افراد ہلاک اور چالیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق سکیورٹی اور اسپتال کے حکام نے بتایا کہ ان میں ایک شخص احرار پل پر گولی لگنے سے ہلاک ہوا ۔ وہاں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کردی تھی۔بغداد شہر میں دریائے دجلہ پر واقع ایک اور پل السنک پر بھی مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو پسپا کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینکے اور ایک گولہ لگنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔دارالحکومت میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے شہر کی حدود میں واقع دجلہ کے تین پلوں السنک ، الاحرار اور الجمہوریہ کے بعض حصوں پر قبضہ کررکھا ہے۔ دریائے دجلہ پر یہ پل بغداد شہر کو قلعہ نما گرین زون سے ملاتے ہیں جہاں حکومت کے دفاتر ، پارلیمان اور دوسرے ممالک کے سفارت خانے واقع ہیں۔عراقی حکومت نے گرین زون کی جانب سکیورٹی فورسز کو تعینات کررکھا ہے اور کنکریٹ کی رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں تاکہ مظاہرین اس علاقے کی جانب دراندازی نہ کرسکیں۔

مزیدخبریں