وزیراعظم ذہنی مریض، نفرت انگیز تقاریر کا مقدمہ چلنا چاہئے: مریم اورنگزیب

Nov 23, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے حسد اور سیاسی انتقام میں وزیراعظم ذہنی مریض بن گئے ہیں۔ میانوالی میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، ان کا میڈیکل چیک اپ ہونا چاہیے کیونکہ وزیراعظم جب بول رہا ہوتا ہے تو دنیا ان کو سن رہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہر جگہ جاتے ہیں تو نوازشریف اور شہبازشریف کا تذکرہ کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر نیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کے لیے کی جا رہی ہے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما جیلوں میں ہیں لیکن ان پر ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا، رہنماؤں کو بکتر بند گاڑیوں میں لایا جاتا ہے، بدسلوکی کی جاتی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مقابلہ کرنا آتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود انہیں نہیں لایا گیا، وہ اب بھی جیل میں ہیں، عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے ہو چکے، مخالفین کو جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔ شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائے جا رہے ہیں، عمران خان کی پنجاب حکومت کو ہدایت ہے وہ خواجہ سعد رفیق کو پارلیمنٹ میں نہ لائیں جب کہ رانا ثنائ￿ اللہ کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں جاری کئے گئے، عمران خان پارلیمان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز پر عملد درآمد کروانے میں عمران خان رکاوٹ ہیں، ہم تحریک استحقاق جمع کروا رہے ہیں۔ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہیں، تحریک انصاف خود الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہے، یہ تیسرا پاکستان ہے جو عمران خان بنا رہے ہیں، عمران خان جھوٹی ٹوئٹس کرتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، لوگوں کے کاروبار بند ہوگئے لیکن مشیر خزانہ کہتے ہیں کہ 17 روپے کلو ٹماٹر ہیں، کرائے کے حکومتی ترجمان جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیںانہوں نے عمران خان کو مشورہ بھی دیا کہ اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا سکیورٹی گارڈ بھرتی کر دیں کیونکہ ان ترجمانوں کا یہی کام ہے نواز شریف کیسے چلا، کیا پہنا، شیو کی یا نہیں۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ نیب کی جرات نہیں کہ حکومتی کرپشن کے خلاف کارروائی کرے،مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جرات ہے تو مخالفین کو جیل سے باہر لائیں۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اگر نیب کے قوانین میں تبدیلی لانی ہے تو آئینی اور قانونی طریقہ کار سے لائی جائے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اب بھی جیل میں ہیں، پارلیمنٹ میں خواجہ سعد رفیق کو نہ لانا آئینی حق پر حملہ ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہیں، تحریک انصاف خود الیکشن کمیشن کو ہراساں کر رہی ہے، عمران خان 5سال سے الیکشن کمیشن سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہیں۔ نیب کی جرات نہیں کہ حکومتی کرپشن کے خلاف کارروائی کرے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ایک سال سے جیلوں میں بند لیڈر شپ کے خلاف کتنے الزامات ثابت ہوئے، سیاسی مخالفین کو بند کرنے کا مقصد ایک ہے کہ عمران خان نے اکیلے کھیلنا ہے۔

مزیدخبریں