اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کے لئے اپوزیشن کے نامزد امیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے وزیر اعظم عمران خان ، میاں نواز شریف کی علالت کا مذاق اڑانا بند کر دیں جس طرح وزیر اعظم نواز شریف کے لندن جانے پر’’ ڈسٹرب ‘‘نظر آتے ہیں اس پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے ۔ عمران خان کو ’’این آ ر او نہیں دوں گا‘‘ کا’’بیانیہ ‘‘ تحلیل ہو گیا ہے اب تو وزیر اعظم کی بے بسی دیدنی ہے سب کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ نواز شریف علیل ہیں لیکن وہ اپنے سیاسی مخالفیں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ پاکستان میں جلد واپس آئیں گے اور اپنے سیاسی مخالفین کو میدان میں شکست دیں گے ۔نواز شریف سے خوف زدہ عناصر کو رات کو بھی نیند نہیں آرہی عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑانے والی حکومت ایک طرف عدلیہ کو طعنے دے رہی ہے اور دوسری طرف ’’سیاسی افق ‘‘ پر تبدیلی کے خوف میں اپنے سیاسی مخالفین کے بارے میں اخلاق سے گری باتیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے طبی بنیادوں پر میاں محمد نواز شریف کو ریلیف دیا مگر حکومت نے جس طرح کا میاں محمد نواز شریف کی علالت اور ان کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے پر جو طرز عمل اختیار کیا سیاسی تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔عمران خان کے اشتعال انگیز بیانات اپوزیشن کو ترکی بہ ترکی جواب دینے پر مجبور کرتے ہیں رہی سہی کسر ان کے ’’طبلچی‘‘ نکال دیتے ہیں ۔عمران خان پر اپوزیشن کی تنقید کے لئے ماحول پیدا کرنے میں ان کے نام نہاد ترجمانوں کا بڑا ہاتھ ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے میاں شہباز شریف کو نیلسن منڈیلا سے تشبیہہ دے کر دراصل ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے ۔شہباز شریف نے نواز شریف کی طرح جرات و استققامت سے جیل بھی کاٹی ہیں لیکن ان کے لئے یہ ممکن نہیں ہو گا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں پوری پارٹی میاں نواز شریف کی قیادت میں حکومت کے خلاف صف آراء ہے کوئی خوش فہمی میں نہ رہے میاں شہباز شریف کی اپنے بھائی میاں نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک عدم موجودگی میں پارٹی کا ’’پارلیمانی ایڈوائزری گروپ ‘‘ کام کرتا رہے گا ۔اپوزیشن جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں ۔مسلم لیگ (ن) مولانا فضل الرحمن کے موقف کی مکمل تائید کرتی ہے ۔ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کو عوام نے پذیرائی بخشی ۔بہت جلد پوری قوم ایک بار پھر ’’عوامی عدالت ‘‘ لگنے والی ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) سرخرو ہو کر نکلے گی ۔پقاکستان کے عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کر یں گے