اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ وزیراعظم ہیں یا غافل اعظم، انہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ نوازشریف سیڑھیاں نہیں چڑھا تھا، نوازشریف کو ایمبولفٹ سے جہاز پر پہنچایا گیا تھا۔ ایئرایمبولینس کو وزیراعظم نے شاہی طیارہ قرار دیا، طیارے کا دوسرا حصہ جان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا، تصویر کا دوسرا حصہ بھی دیکھنا چاہئے۔ نوازشریف ایئرایمبولینس پر ہی لندن گئے، وزیراعظم مسٹر پرائم ڈس انفارمرز ہیں۔ وزیراعظم نے ایئر ایمبولینس کا ایک حصہ دیکھا ہے، کیا شوکت خانم کے ڈاکٹرز اور یاسمین راشد نے بھی دھوکہ کھایا۔ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر حیران ہوں ، وزیراعظم لاعلم ہیں یا عوام کیساتھ دھوکہ کرتے ہیں ،کیا انہیں نہیں پتہ کہ انہی کے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے ان کیساتھ دھوکہ کیا ہے ، کیا ان کی صوبائی وزیر صحت اور شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی دھوکہ کیا ہے،مرض کا یہ مطلب نہیں کہ آپ سٹریچر پر ہی بیٹھے رہیں یا وہیل چیئر پر بیٹھ کر ہسپتال جائیں۔