لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نواز شریف کے لندن کے نجی کلینک میں مزید ٹیسٹ لئے گئے جبکہ پی ای ٹی سکین اگلے ہفتے ہوگا۔ شہباز شریف نے ایون فیلڈ ہاؤس میں بڑے بھائی کی عیادت کی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پی ای ٹی سکین سے مرض کی تشخیص میں مدد ملے گی۔ سابق وزیراعظم کی گھر میں دو تھراپیز کی گئیں۔ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نواز شریف کی صحت کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔ شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق نواز شریف کو رہائش گاہ پر تمام بنیادی طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹر سگورٹ نے سوئٹزرلینڈ سے آکر نوازشریف کا معائنہ کیا ہے۔ نوازشریف نے کچھ ٹیسٹ جمعرات کو کرائے اور کچھ پیر کو ہوں گے۔ دعا کریں اللہ نوازشریف کو صحت دے۔ نوازشریف کا 7 بار کارڈیک انٹرونیشن ہوچکا ہے۔ صحافی کے سوال پر کہ آپ لندن میں کب تک رکیں گے تو شہبازشریف نے جواب دیا کہ اگر آپ کو پسند نہیں تو چلا جاتا ہوں۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ ان کے دماغ کو خون سپلائی والی شریان 80 فیصد بند ہے۔ ڈاکٹر جب ضروری سمجھیں گے ہسپتال منتقل کر دیا جائے گا۔