ٹریفک حادثات 7افراد جاں بحق مناواں میں ٹرک کی ٹکر سے ساس  بہو دم توڑ گئیں

Nov 23, 2020

لاہور+فیصل آباد+پشاور( نامہ نگار+آن لائن+اے پی پی ) مناواں کے علاقے میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل سوار ساس ،بہو ہلاک جبکہ سسر شدید زخمی ہو گیا ہے ۔ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو ہو گیا ہے۔ادھرفیصل آباد شہر اور گردونواح میں مختلف حادثات میں دو خواتین سمیت 4 افراد کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا جبکہ ضلع صوابی میں جہانگیر روڈ پررکشہ کو حادثہ پیش آیا جس میں ایک بچی جاں بحق ، 5 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مناواں کے علاقے میں65سالہ محمد فیاض اپنی بیوی 60 سالہ نسیم فیاض اور30سالہ بہو شازیہ شہزاد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے بے قابو ہو کران کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ جس سے60 سالہ نسیم فیاض اور30سالہ شازیہ موقع پر ہلاک جبکہ محمد فیاض شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ ادھرفیصل آباد میں تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ میں ملت روڈ پر واقع بھٹہ سٹاپ کے قریب 70 سالہ نذیر ولد اﷲ دتہ اور 60 سالہ حفیظاں زوجہ مختار موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر موقع پر ہی چل بسے۔ علاوہ ازیں تھانہ ٹھیکری والا کے چک 67 ج ب میں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کنٹینر سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں محمد افضل کی اہلیہ 35 سالہ شازیہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئی اس کے شوہر محمد افضل کو معمولی چوٹیں آئیں۔ تھانہ ستیانہ کے چک 89 گ ب میں کیری ڈبہ سوار سے ٹکرا کر موٹرسائیکل سوار 40 سالہ محمود احمد ولد عارف ساکن 129 گ ب بھی دم توڑ گیا۔ نڑوالا روڈ پر لوڈر رکشہ کو آگ لگنے سے ڈرائیور زندہ جل گیا جبکہ ٹریکٹر ٹرالی رکشہ کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر کھمبے سے جا ٹکرائی، ریسکیو ٹیم نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں ضلع صوابی میں جہانگیر روڈ پر نادرہ آفس کے قریب رکشہ کو حادثہ پیش آیا جس میں ایک بچی جاں بحق ، دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی منتقل کر دیا۔

مزیدخبریں