مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جھوٹوں کا بادشاہ قرار دیتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نگروٹہ حملے کے واقعہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس واقعہ کو بھارت کا سوچا سمجھا ڈرامہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب من گھڑت الزامات لگا کر پاکستان اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کا وقت گزر چکا ہے کیونکہ دنیا یہ جان چکی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو دہشت گردی ہے وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی ہے۔ جس میں بھارت کی نولاکھ فوج اور مودی کی جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کے غنڈے ملوث ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے جموں، سرینگر شاہراہ پر نگروٹہ کے علاقے میں بھارتی قابض فوج اور مبینہ عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں مارے جانے والے چار افراد کے تعلق کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کے الزام پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے پاکستان کے اندر بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آنے کے بعد بھارت سے اس قسم کی جھوٹی کارروائی کے خدشات کئی دنوں سے ظاہر کیے جا رہے تھے۔ کیونکہ بھارت اپنی دہشت گردی کو چھپانے اور عالمی برادری کی توجہ اصل مسئلہ سے ہٹانے کے لئے ایسی اوچھی حرکتیں ماضی میں کئی بار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چٹھی سنگھ پورہ کا قتل عام ہو یا اوڑی، پٹھان کوٹ اور پلوامہ کے واقعات ہوں بھارت کی تاریخ جھوٹ، فریب اور الزامات سے بھری پڑی ہے لیکن دنیا کی منڈی میں اب بھارت کا جھوٹ بکنے والا نہیں ہے اور مودی اور بھارت کے سارے حکمران اب بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اب یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو جھوٹ اور مکاری کے پردے کے پیچھے چھپنے نہ دے اور اسے اس کی دہشت گردی، انسانیت دشمنی اور جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور ظلم، جبر اور انسانیت سوز مظالم کے شکار کشمیریوں کو انصاف دلا کر اپنی تہتر سالہ غفلت کا کفارہ ادا کرے۔ اگر بھارت کو مجرم نہ ٹھہرایا گیا اور اس کا ہاتھ نہ روکا گیا تو پھر دنیا کو ایسا جنگل بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا جہاں سچ، جھوٹ، انصاف اور ناانصافی کا فیصلہ طاقتور کے اشارہ ابرو سے ہوتا ہے۔
نگروٹہ حملہ: پاکستان ،تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کا وقت گزر چکا: سردار مسعود
Nov 23, 2020