ہفتہ شان رحمۃ للعالمین آخری روز بھی محافل، فضا درودسلام سے معطر

Nov 23, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر)ہفتہ شان رحمت للعالمین عقیدت و احترام اور درود سلام کی صداؤں میں اختتام پذیر ہوگیا۔صوبے کے طول و عرض میں فضائیں ہفتہ بھر نبی مکرمؐ کے اسوہ حسنہ اور سنہری تعلیمات کے ذکر سے مہکتی رہیں ۔صوبائی محکمہ تعلیم ،اوقاف،ثقافت و تعلقات عامہ ، بہبودآبادی اور اضلاع کی انتظامیہ نے تمام ہفتہ روح پرور تقریبات منعقد کیں ۔ تقریری مقابلوں اور کوئز پروگراموں کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریبات ہوئیں۔ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے شہرشہر ریلیاں ،مساجد میں اجتماعات ، دفاتر میں تقریبات جاری رہیں۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے عظمت مصطفی اجاگر کرنے کیلئے ہفتہ شان رحمت للعالمین صوبائی سطح پر منا کر پاکستان میں نئی تاریخ رقم کردی۔لاہور میں مقابلوں کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے گئے۔قصور میں دربار بلھے شاہ پر نعتیہ مشاعرہ ہوا جبکہ چونیاںمیں عظیم الشان محفل نعت ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ہاشم ڈوگر تھے ۔چنیوٹ میں بھی تقریری مقابلوں کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے انعامات تقسیم کئے۔ رحیم یار خان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تقسیم انعامات کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر اور رکن قومی اسمبلی چوہدری جاوید اقبال وڑائچ مہمان خصوصی تھے ۔اوکاڑہ میں سیرت کانفرنس منعقد ہوئی ۔خانیوال میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلوں کی اختتامی تقریبات اور نعتیہ محافل ہوئیں ۔راجن پور میں دانش سکول، فاضل پور میں اختتامی تقریب ہوئی۔چکوال میں اس سلسلے کی تقریب گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج میں منعقد ہوئی ۔فیصل آباد میں سیرت النبی کے موضوع پر کانفرنس ہوئی جس سے صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں محفل سماع بھی ہوئی ۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کامونکی، مریدکے، گوجرانوالہ، ڈسکہ اور سیالکوٹ میں حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کے اختتامی روز مختلف تقاریب میں شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔  معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومتی سطح پریہ ایک منفرداعزاز ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب اور تمام ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں۔معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام دن اور تمام زمانے آقا کریمؐ کے ہیں۔دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ نبی کریم ؐ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور اقلیتی برادری نے بھی ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کو بھرپور ادب سے منایا۔دریں اثناء پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ہفتہ شان رحمت للعالمین ؐکے سلسلے میں ٹائون شپ ماڈل بازار میں یوم سیرت البنی منایا گیا۔ اسی مناسبت سے ضرویات زندگی کی تمام اشیا پر خصوصی رعایت دی گئی ، ماڈل بازار میں سبزیوں، پھلوں پر ،مچھلی کی تمام اقسام پر بھی خصوصی رعایت ، مٹن ،بیف، چکن پر 10% ، بچوں کے گارمنٹس پر 50 % ، کھلونوں پر 25% ، لیڈیز گارمنٹس پر 50% ، کراکرای پر بھی 30 فیصد جبکہ دیگر اشیاء پر بھی خصوصی رعایت دی گئی ۔پورے ماڈل بازار میں پینا فلیکسز آویزں کی گئی جبکہ ٹائون شپ بازار کو برقی قمقوں اور رنگ برنگی لائٹوں سے سجایا گیا۔ ماڈل بازار میں انتظامیہ اور سٹال ہولڈرز کی جانب سے واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا گیا۔

مزیدخبریں