غیرذمہ دارانہ سیاست کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا: فردوس عاشق

Nov 23, 2020

لاہور‘ سیالکوٹ‘ ڈسکہ‘ کالا شاہ کاکو (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی)  معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کامونکی، مریدکے، گوجرانوالہ، ڈسکہ اور سیالکوٹ میں حکومت پنجاب کے زیراہتمام ہفتہ شان رحمت للعالمین کے اختتامی روز مختلف تقاریب سے خطاب میں  کہا ہے کہ آج کسی سیاسی یا ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ آقا کے نام پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور اقلیتی برادری نے بھی ہفتہ شان رحمت للعالمین  کو بھرپور ادب سے منایا۔ پنجاب بھر میں محافل میلاد، نعت،  قرآت اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر چودھری محمد صدیق مہر کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سابق  وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خان‘ چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید‘ ضلعی  صدر پی ٹی آئی رانا ساجد خاں‘ جنرل سیکرٹری رضوان اسلم بٹ‘  لالہ اسداللہ پاپا‘  طارق  گجر‘ اور پی ٹی آئی کے دیگر سیاسی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت آج اس  بات کا  عہد کرتی ہے کہ گوجرانوالہ  کے عوام کو  سیاسی غلامی  سے  نجات دلائیں گے۔ معاون خصوصی نے  اس موقع پر صحافیوں کے سوالوں کے جوابات  دیتے ہوئے کہا کہ راجکماری کی دو کنیزیں ہیں  ایک وفاق میں بولتی ہے دوسری پنجاب میں۔ کنیز دوم کہتی ہیں  کہ حکومت کو شرم آنی چاہیے  جبکہ میں کہتی ہوں شرم اس کو آنی چاہیے جن کے والد نے ریمنڈ ڈیوس کی وکالت کی۔ پاکستان کے  غیور عوام نے  ملک دشمن بیانیے کو اٹھا کر سیاست کے کوڑے دان میں  پھینک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں سیاسی غلامی کا طوق نسل در نسل ایک  ہی خاندان کے گلے میں فٹ ہے۔ اس خاندان نے ظل سبحانی کی جانشینی کا حلف اٹھایا ہوا ہے۔ عمران خان آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے عوام دوست پالیسیاں بنا رہے ہیں جن  کے ثمرات  سے  بہت  جلد عوام مسفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان حکومت سے پنجہ آزمائی ضرور کریں لیکن ذہن میں رکھیں یہ وقت کرونا سے لڑنے کا ہے۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دنیا کے اندر پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد ہمارے نبی آخرالزمان حضرت محمدﷺ نے چودہ سو سال قبل مدینہ میں رکھی، وہ ریاست، ریاست مدینہ تھی جہاں پر غریب ، نادار اور پسے ہوئے طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا گیا۔ آج وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عمران خان کی زیرقیادت ریاست مدینہ کے جو رہنما اصول تھے ان سے رہنمائی لیتے ہوئے ہفتہ شان رحمت للعالمین منا کر ریاست مدینہ کی طرز پر حکومت کی بنیاد رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین ڈسکہ میں ہفتہ شان رحمت للعالمینﷺ ہفتہ کے سلسلہ میں طلبہ و طالبات کے مابین حسن قرات، حسن نعت ، تقریری سمیت دیگر مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی ساکھ بچانے کے لئے جلسے کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن کے جلسوںسے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے ۔ اپوزیشن چوردروازے تلاش کرنے کی بجائے پانچ سال انتظار کرے۔ سیالکوٹ میں مختلف مقامات پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو اور ریلی سے خطاب کرتے فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وہ ہفتہ شان رحمت للعالمین منانے پر انتظامیہ، تمام سرکاری محکموں اور پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آئی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے حلقہ کا بھی دورہ کیا اور ووٹرز اور سپورٹرز سے بھی ملاقاتیں کیں۔ سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سب عاشقان رسول حرمت رسولؐ پر مر مٹنے کیلئے تیار ہیں۔ کالاشاہ کاکو سے این این آئی کے مطابق کالا شاہ کاکو مریدکے آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیاں دائو پر لگانے والوں کو غیرذمہ دارانہ سیاست کاخمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ حکومت عوام کے تحفظ کوہرصورت یقینی بنائے گی۔ پنجاب میں اپوزیشن کا استقبال قانون سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا عنقریب ملک میں خوشحالی آنے والی ہے۔ پنجاب میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی ہرگزاجازت نہیں دینگے۔

مزیدخبریں