فالس فلیگ آپریشن  بھارت کی مذموم کوششیں 

Nov 23, 2020

پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کے پاکستان مخالف الزامات پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا کہ بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر کی سنگین اور انتہائی تشویشناک صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ، کسی بھی فالس فلیگ آپریشن میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی ، پاکستان پہلے ہی ناقابل تردید ڈوزیئر جاری کر چکا ہے  جو بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کے شواہد پر مبنی ہے۔ پاکستان دشمنی پر مبنی بھارت کی مذموم کوششیں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں اس کے باوجود سلامتی کونسل سمیت کسی بھی عالمی ادارے نے بھارت کیخلاف کوئی اقدام نہیں کیا جس سے بھارت کو مزید شہ ملتی ہے اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کنٹرول لائن پر فائرنگ کے مسلسل واقعات ، شہری آبادی کو نشانہ بنانا ، سی پیک جیسے بین الاقوامی اہمیت حامل کے منصوبوں کے خلاف سازشیں کرنا اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں روا بھارتی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹائی جائے اور اس کی آزادی کی آواز کو دبایا جائے۔ اس لیے دنیا اگر جنوبی ایشیا میں امن چاہتی ہے تو بھارت کو لگام دینا ہو گی ، سلامتی کونسل فوری بھارت پر پابندیاں لگائے ، ایف اے ٹی کی بلیک لسٹ میں ڈالا جائے تاکہ دنیا بھارتی شر سے محفوظ رہے۔ 

مزیدخبریں