امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی اور جمیل العلماء مفتی جمیل احمد نعیمی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

کراچی ( سٹی نیوز)جمعیت علماء مجددیہ نعیمیہ پاکستان کے زیراہتمام امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی اور جمیل العلماء مفتی جمیل احمد نعیمی کی یاد میں دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقادکیاگیا، جس میںدارالعلوم کے مہتمم ،اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتیء اعظم سندھ و امیر مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان سندھ صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی، تنظیم المدارس اہلسنّت پاکستان سندھ کے صدر صاحبزادہ مفتی نذیر احمد جان نعیمی، مفتی غلام نبی نعیمی، مفتی خادم حسین نعیمی، قاری شاھنواز نعیمی، مفتی عابد جان نعیمی و دیگر نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی پاکستان میں اسلام کے سفیر تھے، انہوں نے ختم نبوت و ناموس رسالت کے لئے بہت کام کیا، نوجوان کے دلوں میں عشق رسول کی شمعیں روشن کی، ان کے گزشتہ پانچ سالہ دور میں عقیدہ ختم نبوت پر جو خدمات تھی وہ کبھی بھلائی نہیں جا سکتی، خادم حسین رضوی کی کم عرصے کی تحریک سے عالم کفر لرز گیا اور ان کو راستے ہٹانے کی بہت کوششیں کی۔ ان کی تاریخی علمی دینی خدمات کو جمعیت علماء مجددیہ نعیمیہ پاکستان کی جانب خراج تحسین پیش کرتے ہیں، یقیناً رسول اللہ نے پاکستان سے اپنے سفیر کوواپس بلا لیا ہے مگر اس وقت ملک پاکستان میں لاکھوں خادم حسین رضوی موجود ہیں جو کہ عزت رسول و ناموس رسالت ﷺ کے لیے کام کریں گے۔مفتی محمدجان نعیمی نے کہاکہ دنیا سے علماء کا تیزی سے جانا آثار قیامت ہے، رسول اللہ ﷺنے فرمایاکہ قیامت کے قریب دنیا سے علم اٹھا لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں، علامہ خادم حسین کی زندگی میں جن لوگوں نے قدر نہیں کی وہ بھی آج تعزیت کر رہے ہیں جو شخص اپنے پیارے نبیﷺ سے وفا کرے گا دنیا بھی اس کی عزت کرے گی۔ تعزیتی ریفرنس میں جامعہ نعیمیہ کے شیخ الحدیث، جیدعالم دین،استازالعلماء مفتی جمیل احمد نعیمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی صاحبزادہ مفتی نذیر احمد جان نعیمی ودیگر نے کہا کہ مفتی صاحب نے اپنی تمام عمر دین کی خدمت میں گزاری ان کے شاگرد پورے ملک میں لاکھوںکی تعدادمیں موجود ہیں، مفتی جمیل احمد نعیمی کا شمار اہلسنّت کے ممتاز علماء کرام میں ہوتا ہے، ہم دعا کرتے ہیںکہ رب العالمین ہمیں امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی اور جمیل العلماء مفتی جمیل احمد نعیمی کے مشن کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور ناموس رسالت کا سچا محافظ بننے کی جرات عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن