اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان میں سپن وام کے شمال مغرب میں دریائے کیتو کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی۔ محاصرہ ہوتے ہی دہشت گردوں نے علاقے سے فرار ہونے کے لیے فائرنگ شروع کردی، تاہم اس دوران فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس سے پہلے فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک سپاہی صدام شہید ہوگیا جبکہ دو جوان زخمی ہوگئے۔ شہید سپاہی صدام کی عمر 27 سال اور ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کرک سے ہے۔