لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سموگ پر قابو پانے کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو سوموار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم تعلیمی ادارے ورچوئل کلاسز کا انتظام کرسکیں گے۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں تمام نجی دفاتر بھی سوموار کو بند رہیں گے تاہم نجی دفاتر کا عملہ گھر سے کام کرسکے گا۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا اور ان فیصلوں کا اطلاق 15 جنوری 2022 تک ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سموگ پر قابو پانے کے لئے ہر ضروری اقدام کرینگے۔ پنجاب حکومت سموگ کو پہلے ہی آفت قرار دے چکی ہے۔ فصلوں کی باقیات اور فیکٹریوں میں ٹائر جلانے پر پابندی عائد کرچکے ہیں۔ حکومت سموگ پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔ اقدامات پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ تمام تعلیمی ادارے ہفتہ، اتوار اور سوموار کو بند رہا کریں گے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتا ہوں۔ عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ ارکان قومی اسمبلی بھی اسی طرح عزیز ہیں جس طرح ارکان پنجاب اسمبلی۔ ارکان اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔ جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے صرف کام پر یقین رکھتے ہیں۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔ ڈی جی رینجرز پنجاب سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ہے لیکن اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے اور ملکی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں لیکن اپوزیشن ذاتی ایجنڈا لیکر چل رہی ہے۔ پاک دھرتی ہم سے اتحاد و اتفاق کا تقاضا کرتی ہے اور ہماری پہچان پاکستان کے دم سے ہی ہے۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کوتقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ عوام اپوزیشن عناصر کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے نئے تعینات ہونے والے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی جی رینجرزپنجاب کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میجر جنرل سیدآصف حسین کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور کہا کہ قوم کورینجرز کے افسروں اور جوانوں کی بہادری پر ناز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسر اور جوان گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ عثمان بزدار سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ وزیراعلیٰ آفس کے دروازے منتخب نمائندوں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ہر ضلع میں یکساں ترقی کا نیا باب رقم ہوگا۔ وسائل پر سب سے پہلا حق پسماندہ ترین علاقوں کا ہے اور ہم یہ حق واپس کررہے ہیں۔ مخالفین کی کوئی پرواہ نہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والوں کا ماضی داغدار ہے۔ پی ڈی ایم ملک کی ترقی چاہتی ہے، نہ عوام کی خوشحالی۔ وزیراعلیٰ نے بنگلہ دیش کے خلاف تیسرا ٹی 20میچ جیتنے اور سیریز میں کلین سویپ پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔