امریکی وفد کی ملاقات: باہمی احترام پر مبنی تعلقات مستحکم بنانے کیلئے پرعزم: شاہ محمود


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین نے  وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی کانگریس کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفد میں کانگریس مین گریگوری میکس کے ہمراہ ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے چیئرمین مین ایمی بیرا بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔ امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مربوط کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ گریگوری میکس نے کابل سے امریکی و دیگر شہریوں کے محفوظ انخلامیں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ بھرپور معاونت پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ گریگوری میکس نے پاکستان، امریکہ دو طرفہ تعلقات، کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کے وفد نے امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد امریکیوں کے مثبت کردار کو سراہا ۔فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

ای پیپر دی نیشن