بہاول پور( بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ان کے دفترکے کمیٹی روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں کھاد کی دستیابی اور مقرر کردہ نرخ پر فروخت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ( توسیع) حافظ محمد شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت چوہدری طارق جاوید، اشفاق حسین، محمد سلیم، کھاد کمپنیوں کے نمائندگان اور کھاد ڈیلرز موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھاد کے سٹورز اور سٹاک ڈیکلیئر کیے جائیں اور کھاد کی مقررکردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے مرتکب افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ کاشت کاروں اور زمینداروں کو مقررکردہ نرخ پر کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں۔
کھاد کے سٹورز اور سٹاک ڈیکلیئر کیے جائیں: ڈپٹی کمشنر بہاول پور
Nov 23, 2021