دبئی ایکسپو :2 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط،سٹارٹ اپ پنجاب پورٹل کا افتتاح

لاہور(کامرس رپورٹر) دبئی ایکسپو 2020 میں منعقدہ پنجاب انٹرنیشنل بزنس کانفرنس میں پنجاب آئی ٹی بورڈ نے انٹرپرینور شپ اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستان بزنس کونسل دبئی اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کیساتھ2 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ بزنس کانفرنس کے دوران پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ سٹارٹ اپ پنجاب پورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا جبکہ پنجاب کے 20منتخب سٹارٹ اپس نے منفرد آئیڈیاز عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کئے۔ تقریب میں پاکستان کے دبئی میں سفیرافضال محمود‘وزیرہائر ایجوکیشن و آئی ٹی پنجاب راجہ یاسر ہمایوں‘وزیر صنعت‘ تجارت وسرمایہ کاری پنجاب میاں اسلم اقبال‘وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت‘ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ عالمی سرمایہ کاروں نے صوبائی وزیر راجہ یاسر‘چیئرمین اظفر منظور اور سٹارٹ اپس سے ملاقات میں سٹارٹ اپس کے معیار کو سراہا اور تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔راجہ یاسر نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں پنجاب کے آئی سی ٹی سیکٹر اور ٹیکنالوجی پر مبنی سٹارٹ اپس کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملا جبکہ پورٹل سے سٹارٹ اپس اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط کے قیام اورآئی سی ٹی انڈسٹری کے فروغ میں مدد ملی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے کہا کہ پی آئی ٹی بی انٹرپرینور شپ کے فروغ کیلئے جدت پر مبنی متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب کے 20 سٹارٹ اپس دبئی ایکسپو میں 28نومبر تک کاروباری آئیڈیاز سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کریں گے۔ پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں منسٹر راجہ یاسر ہمایوں‘ چیئرمین پی آئی ٹی بی‘چیئرمین پاشا بدر خوشنود‘سی ای او انفوٹیک نصیر اختر‘ مینیجنگ ڈائریکٹرIBEXندیم الٰہی‘مینیجنگ پارٹنر گلوبل سیمی کنڈکٹر گروپ اور دیگر انڈسٹری ایکسپرٹس شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن