کراچی (این این آئی)ایڈمنسٹریٹر کراچی ، مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لیاری ندی سے متصل پانچ ایکڑ اراضی پر وسیع و عریض پارک تعمیر کیا جا رہا ہے جس کے لئے بڑی تعداد میں خیرپور سے پودے منگوا کر لگائے جا رہے ہیں، اس پارک میں ایک فٹ بال گراؤنڈ بھی بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمی کے مواقع فراہم ہوسکیں، سندھ حکومت سرسبز کراچی کے تصور کو فروغ دے گی اور پورے شہر میں درخت اور سبزے میں اضافے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے، یہ بات انہوں نے لیاری ندی کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی آصف خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے لیاری ندی سے متصل پارک کے قیام کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ یہ جگہ ضلع لیاری اور ضلع جنوبی کے درمیان واقع ہے، ماضی میں اس جگہ منشیات فروش بیٹھتے تھے اور یہاں تجاوزات قائم تھیں جبکہ ٹرک مافیا بھی اس جگہ کو استعمال کیا کرتی تھی تاہم اب یہاں سے منشیات کے اڈوں کو ختم کرکے خوبصورت پارک تعمیر کیا جارہا ہے جہاں بڑی تعداد میں پودے اور درخت لگائے جائیں گے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے، سندھ حکومت کا یہ ایک اور احسن اقدام ہے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے اطراف اربن فاریسٹ قائم کرنے کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف یہ علاقہ خوبصورت ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی جبکہ پارک اور فٹ بال گرائونڈ سے لوگوں کو صحت مند تفریحی سرگرمی میسر ہوگی جو اس شہر کی بنیادی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ یہ پارک پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے شہریوں کے لئے ایک خوبصورت اور دلکش تحفہ ہوگا۔
سندھ حکومت سرسبز کراچی کے تصور کو فروغ دے گی : مرتضیٰ وہاب
Nov 23, 2021