وزیرِ اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں چینی سیکٹر کے لئے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کریں گے

وزیرِ اعظم عمران خان آج (منگل کو) اسلام آباد میں چینی سیکٹر کے لئے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کریں گے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ایف بی آر کا ٹریک اینڈ ٹریس نظام اہم سیکٹرز جیسے تمباکو، کھاد، چینی اور سیمنٹ کی اشیاء کی پیداوار اور فروخت کی الیکٹرانک نگرانی کو یقنی بنائے گا۔ الیکٹرانک نگرانی کا دائرہ کار اشیاء کی پیداوار سے لے کر صارف کے استعمال میں آنے تک رہے گا جس کی بدولت ملکی ریونیو میں اضافہ ہو گا، نظام میں شفافیت پیدا ہوگی اور مذکورہ سیکٹرز میں ٹیکس چوری کا سد باب ہو گا۔ تمبا کو سیکٹر میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے لاگو ہونے کے بعد ایف بی آر اب اگلے مرحلے میں چینی جیسے اہم سیکٹر میں اس نظام کو لاگو کرنے جارہا ہے جس کے بعد بقیہ سیکٹرز کی الیکٹرانک نگرانی میں بھی اس کو لاگو کر دیا جائے گا۔ نظام کے تحت 11 نومبر 2021 سے چینی کا کوئی بھی بیگ پیداواری سائٹ ، فیکٹری اور مینو فیکچرنگ پلانٹ سے سٹیمپس اور انفرادی شناختی نشان لگوائے بغیر نکالا نہیں جا سکتا۔ اگلے مرحلے میں ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس نظام کو مشروبات اور پٹرولیم سیکٹر میں بھی لاگو کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔وزیرِ اعظم اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے.

ای پیپر دی نیشن