شاہین پبلک اسکول کو انتباہی خط‘ مونٹیسوری کمپلیکس کو جرمانہ‘ سیپٹر اسکول کلفٹن کی انتظامیہ اور شکایت کنندہ والدین کی طلبی


کراچی (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف ملنے والی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔قائم مقام ڈائریکٹر جنرل پروفیسر محمد افضال کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ رفیعہ جاوید نے والدین کی جانب سے ملنے والی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے شاہین پبلک اسکول کی انتظامیہ کو انتباہی خط جاری کر دیا۔خط میں انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ غیر قانونی طور پر وصول کی گئیں سالانہ فیس ، لیٹ فیس، لیب فیس ، جرمانہ کی رقم فوری طور پر طلبہ کو واپس کریں یا ان کے آنے والے مہینوں کی فیس میں ایڈ جسٹ کریں اور اس کی رپورٹ سات یوم کے اندر ڈائریکٹوریٹ میں جمع کروائیں بصورت دیگر ان کے خلاف ضابطہ کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔خط میں مذید کہا گیا ہے کہ جس کے تحت ان کی رجسٹریشن معطل کردی جائے گی۔ اسی طرح والدین کی شکایت پر مونٹیسوری کمپلیکس اسکول گلستان جوہر کراچی کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سالانہ فیس کی غیر قانونی وصولی فوری بند کریں اور وصول کی گئی رقم فوری طور پر طلبہ کو واپس کریں یا ان کے آنے والے مہینوں کی فیس میں ایڈ جسٹ کریںجبکہ مونٹیسوری کمپلیکس کی گلستان جوہر مین بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے جونئیر کیمپس کو سیکش 11 کے تحت 500 روپے روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ والدین کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر سیپٹر اسکول کلفٹن کراچی کے پرنسیل اور والدین کو ذاتی طور پر سننے کے لئے ڈائریکٹوریٹ میں بلایا گیا ہے تاکہ دونوں فریقین کو سننے کے بعد درج کی گئی شکایت پر فیصلہ دیا جا سکے۔فہیم عباسی اسکول نارتھ ناظم آباد اور اسمارٹ اسکول نارتھ کراچی کو غیر قانونی فیسوں کی وصولی پر فوری طور پر ان فیسوں کی وصولی سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے والدین اور اسکول منتظمین کو ہدایت جاری کی ہے ڈائریکٹوریٹ اسکولوں کے خلاف درج کی گئی شکایات پر قانون کے مطابق ایکشن لے گا۔

ای پیپر دی نیشن