ابلاغ عامہ کے طلبہ کےلئے بہت مواقع موجود ہیں،ماہرین


کراچی (نیوز رپورٹر) شعبہ ابلاغ عامہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے میڈیا کی فیلڈ میں بہت مواقع موجود ہیں۔ لیکن اس کے لئے ان کواپنے مطالعے اور مشاہدے کو وسیع کرنا ہوگا۔ صحافت کی فیلڈ کے چیلنجزسے نمٹنے کے لئے مسلسل جستجو کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے شعبہ ابلاغ عامہ وفاقی جامعہ اردو عبدالحق کیمپس میں صحافیوں کے مسائل کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا اہتمام شعبہ ابلاغ عامہ کی ششم سمسٹر کے طلبا ءکی جانب سے کیاگیا تھا۔ پروگرام کی صدارت شعبے کی چیئرپرسن ڈاکٹر مسرور خانم نے کی۔ سیمینار سے سا بق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کی بقا صحافت کی آزادی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ طلباءکی میڈیا میں ترقی ان کے مطالعے اور مشاہدے سے مشروط ہے اس کے بغیر اس شعبے میں نمایاں مقام حاصل کرناممکن نہیں ہے۔ صحافیوں کے حالات کار اوردیگر مشکلات دیگر شعبوں سے زیادہ ہیں۔صحافی رانا جاوید نے طلبا ءکو فیلڈ رپورٹنگ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل جستجو اور محنت آپ کو فیلڈ میں آگے لے کر جانے کی کنجی ہے۔ خبر کی تلاش میں اپنا خیال رکھنا بہت ضروری ہے ورنہ آپ خود بھی خبر بن سکتے ہیں۔ تقریب میں ڈاکٹرناصر محمود، مسعود احمد خان اوراساتذہ بھی موجود تھے۔شعبے کی چیئرپرسن ڈاکٹر مسرور خانم نے مہمانوں کو پھول اور سرٹیفکیٹ پیش کئے۔ پروگرام کے آخر میں طلبا ءنے مقررین سے سوالات بھی کئے۔
ابلاغ عامہ 

ای پیپر دی نیشن