کراچی (نیوز رپورٹر) امریکی قونصلیٹ کراچی کے پبلک افیئرز آفیسر لی میک مینس نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے طلباءو طالبعات کو میرٹ کی بنیاد پراور بغیر کسی اقربا پروری کے اپنی بہترین یونیورسٹییز میں تعلیمی مواقع فراہم کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ اور امریکی قونصل خانے کے اشتراک سے یونیورسٹی کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں ”امریکہ میں تعلیم کے مواقع“ کے موضوع پر منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ پروگرام انٹرنیشنل ایجوکیشن ویک کے سلسلے میں منعقد کیا گیا۔ لی میک مینس نے کہا کہ امریکا تمام سماجی پس منظر کے طلبہ کو اپنے مختصر مدت اور طویل مدتی تعلیمی پروگراموں کے لیے اسکالرشپ پیش کرتا ہے تاکہ لیڈر پیدا کیے جا سکیں اور انھیں امریکا کی ثقافت اور اقدار سے بھی آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ تمام سوشل پسمنظر رکھنے والے طالبعموں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ایس ایم آئی یو کے طلباءپر زور دیا کہ وہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں اپنی تعلیم کے دوران اور ایس ایم آئی یو سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی ان مواقع سے استفادہ کریں۔انہوں نے ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں ایس ایم آئی یو کے تاریخی ادارے کا دورہ کرنے اور طلباءسے خطاب کرنے کا موقع فراہم کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اپنی تقریر میں ایس ایم آئی یو کے طلباءکو امریکہ میں دستیاب تعلیمی مواقع کے بارے میں آگاہ کرنے پر مسٹر لی میک مینس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایس ایم آئی یو کے طلباءپر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا خیال تھا کہ یہ پروگرام درحقیقت طلباءکے لیے مختلف ثقافتوں اور مختلف قوموں کے لوگوں کو دیکھنے کے لیے ایک عالمی نمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم آئی یو کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ اور یو ایس قونصلیٹ کو مستقبل میں باہمی پروگرام منعقد کرنے چاہئیں۔قبل ازیں، ایکسچینج پروگرام کے کوآرڈینیٹر بلال رضوی نے طلباءکے ساتھ ساتھ فیکلٹی کے لیے مختلف تعلیمی پروگرامز پر شرکا کو مفید معلومات فراہم کی۔ جن میں انڈرگریجویٹ اسکالرشپ، فل برائٹ اسکالرشپ، گلوبل یوگریڈ پروگرام، سسٹر 2 سسٹر پروگرام اور دیگر شامل ہیں۔ ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر سوال جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ آخر میں ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں۔ سیشن میں امریکی قونصلیٹ کے ایجوکیشن ایڈوائزر علی چوہان، ڈینز، چیئرپرسنز، فیکلٹی شاگردوں اور افسران نے شرکت کی۔
لی مکمینس