ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ، تمام شعبوں کی کارکردگی موثر بنانے کا فیصلہ

Nov 23, 2022


ملتان ( خبر نگار خصوصی )ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے تمام شعبوں کی کارکردگی کو موثر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور لینڈ فل سائیٹ،ویسٹ ٹو انرجی کے منصوبے اور ہیڈ آفس اور پارکنگ یارڈ کے لئے کمپنی کی ملکیتی زمین حاصل کرنے کے لئے ورکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔کمپنی میں ورکرز کی حاضری اور گاڑیوں کی فیولنگ چیک کرنے کے لئے ویجلنس کمیٹیاں تشکیل دینے کے لئے احکامات بھی جاری کردئے گئے ہیں۔ یہ احکامات چئیرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آدم سعید راں اور سی ای او حق نواز چوہان کی زیر صدارت اجلاس میں جاری کئے گئے۔اجلاس میں کمپنی انتظامیہ کے ایگزیکٹیوز نے شرکت کی۔ کمپنی کے چئرمین آدم سعید راں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی لینڈ فل سائیٹ کی خریداری کا عمل شروع کیا جائے اور ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کے لئے ورکنگ پلان تیار کیا جائے۔

انہوں نے بوسیدہ کنٹینرز کو مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ نئے کنٹینرز کی خریداری کے مقابلے میں کنٹینر کی مرمت پر ایک چوتھائی فنڈز خرچ ہوتے ہیں۔ آدم سعید راں نے کہا کہ کمپنی کے تمام اثاثوں کا سٹاک رجسٹرد تیار کیا جائے اور کنٹینرز، ڈسٹ بن اور ہاتھ ریڑھی پر کمپیوٹر نمبر لگائے جائیں جبکہ کسی بھی آئٹم کی چوری کی صورت میں باقاعدہ انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حق نواز چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر اولیاءکی صفائی ستھرائی ان کی اولین ترجیح ہے اور انہوں نے یہ عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی مشینری کی خریداری کے بغیر صاف ستھرا ملتان کا ٹارگٹ حاصل نہیں کیا جاسکتا اس لئے نئی مشینری کی خریداری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

مزیدخبریں