اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ پولیس تھانہ اے ڈویژن میں مبینہ چور ی کے الزام میں زیر حراست ملزم سے انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔ شہری کو تھانہ میں بازوئوں سے پکڑ کر زمین پر گھسٹنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔ آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے ایک اے ایس آئی، نائب محرر اور کانسٹیبل کو فوری معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ اے ڈویژن نے مبینہ چوری کے الزام میں ایک شہری کو حراست میں لے رکھا تھا۔ گزشتہ روز پولیس تھانہ اے ڈویژن میں شہری سے انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو وائرل ہو گی ۔ ویڈیو میں شہری کو بازوئوں سے پکڑ کر زمین پر گھسیٹا گیا۔ شہری کی طبعیت خراب ہو نے پر اُسے رہا کر دیئے جانے کی اطلاع بھی موصول ہوئی ۔ شہری پر انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو شوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ڈی پی او اوکاڑہ کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک اے ایس آئی محمد احمد، نائب محرر محمد اقبال اور کانسٹیبل کو فوری معطل کرتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی محمد اشرف کو واقعہ کی میرٹ پر انکوائری کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔