اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے نیچرل گیس کو آر ایل این پر منتقل نہ کرنے اور گیس کنکشن کاٹنے کے خلاف ریسٹورنٹ ہوٹل ، کیٹرنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست میں نیچرل گیس کو آر ایل این جی پر منتقل نہ کرنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے حکم دیاہے کہ محکمہ گیس آر ایل این جی پر منتقل نہ ہونے والے کمرشل صارفین کے گیس کنکشن نہ کاٹے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر فاروق چوہدری وکیل عمران شفیق کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ کمرشل صارفین کو آر ایل این جی پر جبری طور پر منتقل کرنے سے مزدور دہاڑی دار طبقہ متاثر ہوتا ہے،وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق گھریلو صارفین اور کمرشل صارفین کو اولین ترجیح پر گیس کی فراہمی کی جائے، جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ ایس این جی پی ایل آئندہ سماعت تک نہ ہی گیس کنکشن کاٹ سکتا ہے نہ گیس ٹیرف کی منتقلی کر سکتا ہے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔