فیصل آباد( نمائندہ خصوصی ) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی میٹنگ میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں روڈز کنسٹرکشن، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،میونسپل کمیٹی کی مجموعی طور پر 38 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دے دی جن میں فیصل آباد کی 5،جھنگ کی 25،ٹوبہ ٹیک سنگھ کی 7 اور ضلع چنیوٹ کی ایک سکیم شامل ہے۔ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیاز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید افتخار اولکھ نے ترقیاتی سکیموں کے تکنیکی وفنی امور اور درکار ڈاکومنٹیشن سے آگاہ کیا۔چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈی ڈی ڈبلیو پی کے فورم سے منظور ہونے والی ترقیاتی سکیموں پر تیز رفتار عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ کوئی انتظامی مسئلہ درپیش ہو تو فوری نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت اقدامات کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی مراحل کی نگرانی کریں اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔